آئی فون:صارفین کی خفیہ ریکارڈنگ
source.bbc urdu
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ ایپل کمپنی کے آئی فونز اور تھری جی آئی پیڈز صارفین کی نقل و حرکت کو خفیہ طور پر ریکارڈ اور محفوظ کرتے ہیں۔
سکیورٹی کے ماہر ایلن اور پیٹ وورڈن کے مطابق نقل و حرکت کی یہ ریکارڈنگ آئی فونز اور آئی پیڈز میں خفیہ رہتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی کے پاس صحیح سافٹ ویئر ہے تو وہ یہ معلوم کر سکتا ہے کہ صارف کب کہاں گیا تھا۔
ایپل کمپنی نے ابھی تک اس انکشاف پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ تاہم سکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ ثبوت نہیں ملا کہ ایپل کمپنی نقل و حرکت کی ان معلومات کو اپ لوڈ یا استعمال کر رہی ہے۔
سکیورٹی ماہرین کا یہ انکشاف آئی فون صارفین کے لیے ایک بڑا دھچکا ہو گا کیونکہ فون استعمال کرتے وقت ان کو یہ قطعی علم نہیں ہوتا کہ ان کی معلومات ریکارڈ کی جارہی ہیں۔
تاہم آئی فون میں نقل و حرکت کی ریکارڈنگ کے حوالے استعمال کرنے والوں کو صاف گوئی سے نہیں بتایا گیا لیکن اس کا ذکر استعمال کرنے کی شرائط میں کیا گیا ہے۔
’ہم ممکنہ طور پر نوکری، زبان، زپ کوڈ، ایریا کوڈ، محلِ وقوع اور ٹائم زون جہاں پر ایپل کی مصنوعات استعمال کی جا رہی ہیں جیسی معلومات اکٹھی کریں گے تاکہ ہم بہتر طور پر صارف کو سمجھ سکیں اور اپنی مصنوعات، سروس اور اشتہارات کو بہتر بنا سکیں۔‘
ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ او رائلی ریڈار پر وورڈن اور ایلن نے لکھا ہے کہ ان کو نہیں معلوم کہ آئی فونز اور آئی پیڈز یہ معلومات کیوں اکٹھی کرتے ہیں لیکن یہ بات صاف ظاہر ہے کہ ایسی دانستہ طور پر کیا جا رہا ہے۔
سکیورٹی کمپنی سوفوس میں ٹیکنالوجی کنسلٹنٹ گراہم نے بی بی سی کو بتایا کہ اس بات کے امکانات کم ہیں کہ ایپل اس معلومات کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرے۔ ’لیکن اس سے یہ ثابت ہوا کہ ’استعمال کی شرائط‘ پڑھنا کتنا ضروری ہے۔‘
دوسری جانب ایپل کمپنی کو آئی فونز کی فروخت میں توقعات سے بھی زیادہ منافع ہوا ہے۔
رواس سال کے پہلی تین ماہ میں آئی فونز کی فروخت میں پچھلے سال کے پہلے تین ماہ کے مقابلے میں 113 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
No comments:
Post a Comment