Sunday, September 16, 2012

ایپل نے آئی فون 5 لانچ کر دیا 


آئی فون 5
آئی فون 5 اکیس ستمبر سے بازار میں فروخت ہونے لگے گا

مشہور ٹیکنالوجی کمپنی اپیل نے امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں ایک تقریب کے دوران آئی فون کا نیا ورژن آئی فون 5 متعارف کروایا ہے۔یہ فون ماضی کے آئی فون کے مقابلے میں قدرے لمبا ہے اور فور جی نیٹورک سے ہم آہنگی رکھتا ہے۔ آئی فون کے مقابلے میں بڑی سکرین والے اس فون میں صارفین کو یہ سہولت حاصل ہے کہ وہ سکرین پر ’آئکنز‘ کی ایک اور قطار بھی دیکھ سکتے ہیں۔

ایپل کا کہنا ہے کہ ان کا یہ نیا فون برطانیہ کے 4 جی ایل ٹی نیٹورک ای ای یعنی ( Everything Everywhere) پر بھی چل سکے گا۔ایپل کا کہنا ہے کہ نیا فون اکیس ستمبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔ایپل کا دعویٰ ہے کہ آئی فون 5 کی سکرین بالکل ایسی ہی ہے جیسے وائڈ سکرین ٹی وی کی ہوتی ہے۔لیکن ابھی بھی گیارہ سینٹی میٹر لمبی سکرین والے اس فون کا سائز ایپل کی حریف کمپنیوں کے سمارٹ فون جیسے نوکیا، سیم سنگ، موٹورولا، اور ایل جی کے فون سے چھوٹا ہی ہے۔اس فون میں کیمرہ آئی فون 4 کی طرح آٹھ ميگا پکسل کا ہی ہے۔ایپل کی عالمی مارکیٹنگ کے نائب صدر فل شلر کا کہنا ہے کہ اس فون میں بعض ایسے سافٹ ویئر ہیں جس کی وجہ سے کم روشنی میں بھی اس فون کا کیمرہ بہترین تصاویر کھینچے گا۔اس فون میں نوکیا لوما92 کی طرح وائرلیس طریقے سے فون چارج کرنے کی سہولت نہیں ہے۔یہ فون سولہ جی بی، بتیس جی بی، اور چونسٹھ جی بی کے میموری کارڈ کے ساتھ فروخت کیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق اس فون کے بنیادی ماڈل کی قیمت برطانیہ میں پانچ سو انتیس پاؤنڈ ہوگی جبکہ اگر اس فون کو کسی نیٹورک کے کانٹریکٹ سے ساتھ خریدا جائے گا تو اس کی قیمت کم ہو جائے گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی فون 5 میں ایپل کی حریف کمپنیوں کے سمارٹ فونز کے مقابلے میں سہولیات کم ہیں لیکن پھر بھی یہ فون لوگوں کو بے حد پسند آئے گا اور صارفین میں کافی مقبول ہوگا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فون کی فروخت مستقبل میں ایپل کمپنی کی مالیت کا فیصلہ کرے گی یعنی اس کی فروخت ایپل کی آمدنی کا اہم حصہ ہوگی۔

No comments:

Post a Comment