بھارت کا مصنوعی سیارہ مدار میں
بھارت نے بدھ کے روز پی ایس ایل وی راکٹ کے ذریعے تین مصنوعی سیارے کامیابی کے ساتھ خلاء میں پہنچا ئے ہیں۔ پولر سیٹیلائٹ وہیکل لانچر راکٹ کو بھارت کے خلائی تحقیق کے ادارے اسرو نے تیار کیا ہے۔
پی ایس ایل وی سی - 16 راکٹ سے بھارت کا ایک ریموٹ سنسنگ سیارہ اور روس اور سنگاپور کا ایک ایک سیارہ 822 کلو میٹر کی اونچائی پر مدار میں بھیجاگیا ہے۔اسرو کے سربراہ کے رادھا کرشنن نے راکٹ لانچ کے بعد کے کہا کہ ’پی ایس ایل وی سی 16 کی پرواز پوری طرح کامیاب رہی ہے اور تینوں مصنوعی سیارے کامیبابی کے ساتھ مطلوبہ اونچائی پر مدار میں پہنچا دیےگئے ہیں۔‘
پی ایس ایل وی – سی – 16 کی پرواز پوری طرح کامیاب رہی ہے اور تینوں مصنوعی سیارے کامیبابی کے ساتھ مطلوبہ اونچائی پر مدار میں پہنچا دیےگئے ہیں۔
پی سی ایل وی سی 16 راکٹ چینئی سے 90 کلومیٹر دور ستیش دھون خلائی مرکز سے خلا میں بھیجا گیا۔ اسرو کے سائنسدانوں نے راکٹ لانچ کے بعد بتایا کہ مصنوعی سیاروں نے مدار میں پہنچنے کے بعد کام کرنا شروع کر دیا ہے اور اگر سب کچھ صحیح طریقے سے چلا تو بھارت کے ریموٹ سنسنگ سیارے سے 28 اپریل کو پہلی تصویرمل جائے گی۔
اس پر تین ہائی پاور کے کیمرے نصب ہیں اور یہ بھارت کے قدرتی وسائل کا جائزہ لےگا۔ اس کی خدمات دوسرے ممالک بھی زرعی اور آبی وسائل کے مطالعے کے سلسلے میں حاصل کرتے ہیں۔
آج کی کامیاب پرواز سے اسرو کا حوصلہ کافی بڑھا ہے کیونکہ اس سے قبل جی ایس ایل وی نوعیت کی دو پروازیں ناکام ہوگئی تھیں۔ اسرو کا کہنا ہے کہ دسمبر تک وہ مزید کئی راکٹ لانچ کرنے والے ہیں۔
No comments:
Post a Comment