دنیا بھر کے فلمی ناظرین کے لئے نئی پاکستانی فلم "بول" 20 مئی کو ریلیز کی جارہی ہے۔ فلم "بول" پاکستان کے باصلاحیت اور نامور ڈائریکٹر شعیب منصور کی کاوش ہے جو اس سے قبل فلم "خدا کے لئے" ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔ "خداکے لئے" بھی دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔ "بول" کی نمائش بھی دنیا بھر میں کی جائے گی۔
فلم "بول" کے پروڈیوسر وکرم راجانی اور شاہد جمال ہیں جبکہ فلم کی کہانی خود شعیب منصور نے لکھی ہے۔ "بول" ایروز انٹرنیشنل، شو مین پروڈکشن اور جیو فلمزکے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ فلم لاہور میں رہنے والی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو دقیانوسی معاشرے کے فرسودہ رسم و رواج کے خلاف آواز احتجاج بلند کرتی ہے۔ اس کا تعلق ایسے گھرانے سے ہے جہاں عورتوں کو ایک بوجھ اور بے مصرف شے سمجھا جاتا ہے۔ فلم میں عورتوں کی حالت زار کواس قدر دلکش انداز میں دکھایا گیا ہے کہ دیکھنے والے کو وہ گھرانہ جانا پہچانا سا لگتا ہے ۔ دراصل بدقسمتی سے ہمارے معاشرے کے بعض گھرانے اب بھی عورت کو وہ مقام نہیں دے سکے ہیں جس کی وہ مستحق ہے۔فلم کے فنکاروں میں حمیرا ملک، عاطف اسلم، ایمان علی، مائرہ خان، منظر صہبائی اور شفقت چیمہ شامل ہیں۔ عاطف اسلم گلوکاری اور ایمان علی ماڈلنگ کے حوالے سے بھی دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں جبکہ شفقت چیمہ فلموں کا ایک بڑا نام ہے۔
فلم کی موسیقی باقر عباس نے ترتیب دی ہے جبکہ سنگرز میں عاطف اسلم، حدیقہ کیانی، سجاد علی، شبنم مجید، احمد جہانزیب اور شجاع حیدر شامل ہیں۔
No comments:
Post a Comment